ممبئی، 25؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مظاہروں میں پیش پیش رہنےوالے دہلی کے معروف سماجی کارکن خالد سیفی جنہیں دہلی پولیس نے فسادات کا ملزم بنادیاہے اور جو گزشتہ کم وبیش ڈھائی برسوں سے جیل میں ہیں، کی اہلیہ نرگس سیفی نے سنیچر کو ایک ویڈیو جاری کرکے اطلاع دی کہ ان کے شوہر کی جیل میں طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ نرگس نے الزام لگایا کہ ان کے شوہر کی صحت تیزی سے روبہ زوال ہے مگر جیل میں نہ ان کا ٹھیک سے علاج کیا جارہاہے اور نہ ہی کسی طرح کی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خالد سیفی کا بلڈ شوگر گزشتہ کئی دنوں سےمسلسل ہائی ہے۔ اپنے شوہر کے مناسب علاج کیلئے عوام سے حمایت کی اپیل کرتے ہوئے ٹویٹر نرگس سیفی نے کہا ہے کہ ’’میرے شوہر کو صحیح علاج مل سکے اس کیلئے آواز اٹھایئے۔اس کیلئے میرا ساتھ دیجئے۔‘‘ انہوں نےبتایا کہ ’’ان کا شوگر لیول ۴۰۰؍ تک پہنچ چکا ہے۔اس سے قبل ایسا کبھی نہیں ہوا۔ ان کا بلڈ پریشر بھی بڑھا ہوا اور مسلسل بخار آرہاہے۔کئی دنوں سے انہیں الٹیاں ہورہی ہیں اور وہ ٹھیک سے کھانا تک نہیں کھاپارہے ہیں...انہیں مناسب علاج فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔‘‘ نرگس سیفی نے اپنا یہ ویڈیو خالد سیفی کے ٹویٹر اور انسٹا گرام اکاؤنٹ سے شیئر کیا ہے۔ خالد سیفی کی اہلیہ نے ویڈیو میں بری طرح روتے ہوئے جیل حکام سے بھی اپیل کی ہے کہ خالد کی جانب توجہ دی جائے اورانہیں فوری علاج فراہم کیا جائے۔ خالد سیفی نئی دہلی کے منڈولی جیل میں قید ہیں۔ اس سلسلے میں معروف انگریزی اخبار دی ہندو نے جب جیل حکام سے رابطہ کیاتھا ڈائریکٹر جنرل (جیل) سندیپ گوئل نے نرگس سیفی کے الزامات کو سرے سے خارج کردیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’خالد سیفی کی طبی حالت بالکل ٹھیک ہے۔ ہلکے بخار کی وجہ سے آج ہی جیل کے ڈاکٹر نے ان کی جانچ کی ہے۔ انہیں مناسب ادویات فراہم کر دی گئی ہیں۔ جیسی ضرورت ہوگی ویسا علاج آگے بھی کیا جائےگا۔‘‘